پاکستان اور خواتین کا اہم کردار ،، بشیر شاد

پاکستان ہاوس ایتھنز میں خواتین کی خصوصی دعوت اعلی سفارتکاری کا نمونہ ہے۔
،،خاتونِ پاکستان،، محترمہ عاصمہ خالد عثمان قیصر مہمان نوازی میں پیش پیش رہیں ۔
،پاکستان کی ترقی میں خواتین کے مقام ،کو سفیرِ پاکستان نے بہتر پیمانے پر اجاگر کیا ۔
( اخبار ڈاٹ جی آر ) پاکستان ہاوس ایتھنز میں اعلی پایہ کی سفارتکاری کا نمونہ پاکستان اور پاکستانیوں کی شناخت میں خواتین کی کارکردگی کا جائزہ انتہائی مثبت نتائج کا حامل رہا جب خاتونِ پاکستان کی جانب سے خصوصی دعوت پہ آئی خواتین نے بھرپور شرکت کی ۔ ایک صد معزز مہمانوں کو خوش ٓمدید کہنے میں سفیرِ پاکستان نے اپنی رفیقہ حیات کا خندہ پیشانی سے ساتھ دیا ۔ پونے گیارہ بجے سے مہمان آتے گئے اور وقت کی افادیت سامنے آئی ۔
وقت کا تقاضا کیا ہے ؟ اسی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے خواتین کی اس خصوصی دعوت کے خاطر خواہ نتائج کو عوام الناس تک پہنچانے میں نوکِ قلم پہ آئے حروف من و عن رقم کرنا فرضِ اولین ہے ۔ اس دنیا میں ہر کوئی اپنے اپنے کام کی تشہیر اگر نہ کرئے تو اس کی اپنی شناخت کوئی نہیں رہتی ۔ جب اپنی شناخت نہ رہی تو ملکی شناخت کیونکر پنپے گی ۔
جہاں عزت مآب سفیرِ پاکستان شب و روز پاکستان اور پاکستانی برادری کی اہمیت و وقار کے لئے کوشاں ہیں وہاں خاتونِ پاکستان بھی دوسرے ممالک کی خواتین میں پاکستان اور پاکستانی خواتین کے اعلی مقام پہ گفت و شنید کرتے ہوئے سفارتکاری میں نمایاں کردار ادا کرنے میں کامیاب و کامران رہیں ۔
خاتونِ پاکستان نے اپنے نپے تلے کلمات سے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی آمد کو سراہا اور باقی ماندہ تفاصیل ،، پاکستان اور اس میں خواتین کے کردار ،، کا دنیا بھر سے تقابلی جائزہ پیش کرنے کے لئے سفیرِ پاکستان کو دعوت دی تو مہمان خانے میں موجود مہمانوں نے خوشی کا اظہار کیا ۔ پردہ اسکرین پہ پاکستان کے محلِ وقوع ، ہمسایہ ممالک ، پاکستان کی آزادی کا مقصد ، آب و ہوا ، بود و باش ، تعلیمی معیار ، معاشی اور معاشرتی اقدار ، رسم و رواج ، سیاسی اور مذہبی افکار ، دفاعی اولیت ، انتظامیہ اور عدلیہ کا کردار ، کشمیر اور کشمیریوں پہ ڈھائے مظالم ، ثقافتی اور سماجی پہلووں کی تفاصیل میں مہمانوں کو پاکستان سے متعلق تمام شعبوں سے روشناس کرانے میں انتھک محنت کی ۔ سفرِ پاکستان زبان و بیاں میں انتہائی کامیاب اتالیق کی حیثیت کے حامل ہیں ۔ اتنے کشادہ پاکستان ہاوس میں شب بھر استراحت کے لئے سب سے چھوٹے کمرہ میں قیام کرتے ہیں اور پاکستان ہاوس کی کشادگی وطنِ عزیز کے لئے ضروری خیال کرتے ہیں جہاں دوسرے ممالک کے سفارتکار اور ان کے اہل و عیال جب قدم رنجاں ہوں تو انہیں پاکستان کی اہمیت کا بھرپور تاثر میسر آئے ۔
تین مارچ کے اس باوقار اور شاندار ،، پاکستان اور خواتین ،، کی خصوصی دعوت میں خاتون سفیر ،مختلف ممالک کے سفیروں کی بیگمات ،ویمن انٹرنیشنل کلب کی خواتین ،لیسیم کلب آف گریک ویمن کی معزز ممبران ، بہترین بین الاقوامی اداروں کے قائدین اور ان کے نمائندے ،گریک لیڈی جرنلسٹس ،پاکستانی خواتین ،پاکستانی جرنلسٹس اور کمیونٹی کی شخصیات اور سفارتخانہ کے عملہ نے اس سلسلہ میں شراکت کرکے پروگرام کو تقویت دی ۔
اس سلسلہ کے تمام تر مقاصد پاکستان کی شناخت اس کی اہمیت اور بالخصوص پاکستان میں خواتین کا اہم کردار بالحاظ دنیا کے دوسرے ممالک کا تقابلی جائزہ پیش کرنا تھا جس کے لئے انتہائی خوش اسلوبی سے پاکستان ہاوس میں تمام پہلووں پہ تفاصیل فراہم کرکے سفیرِ محترم اور خاتونِ پاکستان نے اپنا فرض ادا کیا ۔(چوہدری محمد بشیر شاد یونان)

اپنا تبصرہ بھیجیں